Wed, September 16, 2026

پاکستان بھر میں آج مسیحی برادری کرسمس کا تہوار بڑے جوش و جذبے سے منا رہی ہے

 پاکستان بھر میں آج مسیحی برادری کرسمس کا تہوار بڑے جوش و جذبے سے منا رہی ہے

لاہور : پاکستان بھر میں آج مسیحی برادری کرسمس کا تہوار بڑے جوش و جذبے سے منا رہی ہے۔ مختلف شہروں میں کرسمس کی عبادات اور تقریبات کا اہتمام کیا گیا، اور گرجا گھروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا۔ کراچی میں خصوصی عبادات کا سلسلہ جاری رہا، لاہور میں چرچز کو سجایا گیا اور اسلام آباد میں بھی مسیحی برادری کی بڑی تعداد نے گرجا گھروں کا رخ کیا۔ کرسمس کی خریداری میں بھی لوگ مصروف نظر آئے، جبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تاکہ لوگ امن سے جشن منا سکیں۔

صدر آصف علی زرداری نے مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار امید، امن اور محبت کا پیغام لے کر آتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کرسمس دنیا کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا موقع ہے، جس میں بھائی چارہ اور ہمدردی کا پیغام دیا جاتا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی مسیحی برادری کو خوشیوں کے اس موقع پر مبارکباد دی اور کہا کہ "یہ کرسمس پاکستان میں امن، استحکام اور خوشحالی لے کر آئے۔" انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی قربانیاں دیں اور ان کی خدمات ہمارے لیے باعث فخر ہیں۔

افواج پاکستان نے بھی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی اور ان کے قومی ترقی میں کردار کو سراہا۔ فوجی حکام نے کہا کہ مسیحی برادری نے پاکستان کی ترقی میں اہم حصہ ڈالا ہے اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

ٹیگز: