اسلام آباد:نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق یہ اجلاس او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام کو ایک جگہ اکٹھا کرے گا جہاں فلسطین کی موجودہ صورتحال، خاص طور پر غزہ پر اسرائیلی قبضے کے خطرات اور فلسطینیوں کے انسانی حقوق کی پامالیوں پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرے گا اور اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پر ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔
اس سے پہلے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے 23 اور 24 اگست کو بنگلہ دیش کا دو روزہ سرکاری دورہ کیا جو کہ تقریباً 13 سال بعد کسی بھی پاکستانی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ تھا۔ یہ دورہ بنگلہ دیشی حکومت کی دعوت پر کیا گیا۔
دورے کے دوران اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں جن میں مشیر برائے امور خارجہ محمد توحید حسین، چیف ایڈوائزر محمد یونس اور مشیر تجارت شیخ بشیر الدین شامل ہیں۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور تجارت کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں ممالک کے درمیان کئی اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جن میں سفارتی و سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے، مشترکہ تجارتی ورکنگ گروپ کے قیام، اور دونوں ممالک کے تحقیقی و تربیتی اداروں کے درمیان تعاون شامل ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے قومی خبر رساں اداروں کے درمیان تعاون اور ثقافتی تبادلے کے پروگرام پر بھی دستخط ہوئے۔
وزیر خارجہ نے بنگلہ دیش کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں جن میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی، جماعت اسلامی اور نیشنل سٹیزن پارٹی شامل ہیں۔ ان ملاقاتوں کو دونوں ممالک کے درمیان بہتر سیاسی و عوامی رابطوں کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔