راولپنڈی : اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدر آباد کنگز مین کے خلاف یکطرفہ مقابلے کے بعد فتح سمیٹ کر پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی یونائیٹڈ ٹورنامنٹ کی ٹاپ ٹیموں کی فہرست میں شامل ہو گئی ہے۔میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلرز نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے حیدر آباد کنگز مین کو صرف 81 رنز پر محدود کر دیا۔ ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کے بلے بازوں نے حریف باؤلنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے اور مطلوبہ اسکور محض 7ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے میچ اپنے نام کر لیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی کامیابی کے بعد اب تین ٹیمیں پلے آف کے لیے اپنی جگہ پکی کر چکی ہیں جن میں پشاور زلمی اور ملتان سلطانز پہلے ہی شامل تھیں۔ اب چوتھی ٹیم کے لیے مقابلہ مزید دلچسپ ہو گیا ہے۔
ٹورنامنٹ میں آج دو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ پہلا میچ: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ کراچی کنگز، دوسرا میچ: لاہور قلندرز بمقابلہ پشاور زلمی کے درمیان ہوگا۔شائقینِ کرکٹ کی نظریں آج کے میچوں پر جمی ہیں جو پوائنٹس ٹیبل پر ٹیموں کی حتمی پوزیشن کا فیصلہ کریں گے۔