اسلام آباد :پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو ایک سال بیت گیا، مگر بھارت آج بھی پاکستان کے خلاف اپنے من گھڑت اور بے بنیاد الزامات کا ایک بھی ثبوت پیش کرنے میں ناکام ہے۔ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی مودی سرکار کی یہ کوشش الٹا بھارت کے لیے بین الاقوامی جگ ہنسائی کا باعث بن چکی ہے۔
بھارت کے سابق رکنِ لوک سبھا سمرجیت سنگھ مان نے اپنی ہی حکومت کے غبارے سے ہوا نکالتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ پہلگام واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد موجود نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت محض سیاسی مقاصد کے لیے جھوٹا بیانیہ گھڑ رہی ہے۔
سکھ رہنما گوپال سنگھ چاولہ نے اس حوالے سے اپنے ردعمل میں کہا کہ پہلگام کا پورا واقعہ ایک سوچی سمجھی سازش اور ڈرامہ تھا، جس کا مقصد پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کے لیے جواز پیدا کرنا تھا۔ بھارت ہمیشہ سے فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کرتا آیا ہے۔
سفارتی مبصرین کا کہنا ہے کہ ایک سال گزرنے کے باوجود کسی بھی بین الاقوامی فورم پر ثبوت نہ دے پانا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ پہلگام واقعہ بھارتی ایجنسیوں کا اپنا تیار کردہ فریب تھا، جو اب مکمل طور پر بے نقاب ہو چکا ہے