Thu, September 24, 2026

ملک میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیح: وزیراعظم

ملک میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیح: وزیراعظم

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ایسا ماحول تشکیل دیا جا رہا ہے جہاں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار آسانی کے ساتھ معاشی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔

نیویارک میں امریکا میں مقیم پاکستانی تاجروں، سرمایہ کاروں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین کے وفود سے ملاقاتوں کے دوران وزیراعظم نے ملک میں معاشی مواقع اور کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر گفتگو کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک موجود پاکستانی کاروباری شخصیات اور پیشہ ور افراد اپنی محنت اور کامیابیوں کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کی مثبت شناخت اجاگر کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ وطن میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات کے نتیجے میں کاروباری طبقے کو پیش آنے والی مشکلات کم کرنے اور ان کے مسائل کے ازالے میں پیش رفت ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے بھی حکومت کی جانب سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاکہ اس شعبے میں نئی ٹیکنالوجی اور جدت کو فروغ دے کر ترقی کی رفتار میں اضافہ کیا جا سکے۔

ملاقات کرنے والے پاکستانی کاروباری رہنماؤں اور ماہرین نے وزیراعظم کے اقدامات کو سراہتے ہوئے زراعت، صنعت اور برآمدات کے فروغ کیلئے حکومتی پالیسیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے ایف بی آر میں لائی جانے والی اصلاحات کو بھی کاروباری برادری کیلئے اہم اقدام قرار دیا۔

ٹیگز: