Thu, September 24, 2026

وزیر اعظم شہباز شریف کی کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات، پاکستان کی معاشی اصلاحات پر گفتگو

وزیر اعظم شہباز شریف کی کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات، پاکستان کی معاشی اصلاحات پر گفتگو

 واشنگٹن: وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے واشنگٹن میں ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معاشی صورتحال اور جاری اصلاحات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کے مسلسل تعاون پر کرسٹالینا جارجیوا کا شکریہ ادا کیا اور دونوں فریقوں کے درمیان تعمیری شراکت داری کو مستحکم بنانے میں ان کے کردار کو سراہا۔

 شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔ علاقائی تنازعات اور عالمی مہنگائی کے دباؤ کے باوجود پاکستان معاشی بحالی کی سمت آگے بڑھ رہا ہے۔

 وزیراعظم نے مالیاتی نظم و ضبط میں بہتری اور ملک کے بیرونی مالیاتی ذخائر میں اضافے سے بھی آئی ایم ایف سربراہ کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں آئندہ آئی ایم ایف پروگرام کے جائزے اور پاکستان کی معاشی لچک مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔

 کرسٹالینا جارجیوا نے ملاقات کے حوالے سے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان میں جاری اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔

 آئی ایم ایف سربراہ کے مطابق اصلاحات پر مؤثر عملدرآمد نے پاکستان میں معاشی استحکام برقرار رکھنے اور اعتماد بحال کرنے میں مدد دی ہے، جبکہ اس کے نتیجے میں عالمی مالیاتی منڈیوں تک پاکستان کی دوبارہ رسائی میں بھی معاونت ملی۔

 کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ اصلاحات کا تسلسل پاکستان کی معاشی ترقی کو مزید آگے بڑھانے اور عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

ٹیگز: