دبئی: ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کے اہم مقابلے میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 41 رنز سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ بنا لی۔
دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کیے۔ اوپنر ابھیشک شرما نے زبردست بلے بازی کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 75 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 4 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ شبمن گل نے 29 رنز بنائے، جبکہ ہاردک پانڈیا نے 38 رنز کی مفید اننگز کھیل کر اسکور کو بہتر بنایا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے رشاد حسین نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ مستفیض الرحمٰن، تنظیم حسن اور سیف الدین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار نظر آئی اور پوری ٹیم 127 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سیف حسین 69 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، مگر باقی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ 9 کھلاڑی دوہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔
بھارتی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کلدیپ یادیو نے تین وکٹیں حاصل کیں، جب کہ بمرا اور چکراورتی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ بھارت ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ چکا ہے، جہاں اس کا مقابلہ 25 ستمبر کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والے مقابلے کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
یاد رہے، بھارت نے سپر فور مرحلے میں پاکستان کو 6 وکٹوں سے اور بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔