لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پیرا فورس کا قیام ان کا خواب تھا، جو آج حقیقت بن کر عوام کی خدمت میں مصروف ہے۔ لاہور میں پیرا فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس فورس کا مقصد عوام کو فوری مدد، تحفظ اور سہولت فراہم کرنا ہے۔
مریم نواز نے تربیت مکمل کرنے والے اہلکاروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ پیرا فورس میں شامل ہونا ایک اعزاز ہے، کیونکہ یہ اہلکار اب براہِ راست عوام کی خدمت کا فریضہ انجام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیرا فورس کی تشکیل عوام کی روزمرہ کی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے کی گئی، خاص طور پر خواتین کو بازاروں اور عوامی مقامات پر جن مسائل کا سامنا ہوتا ہے، ان کا فوری حل اس فورس کے ذریعے ممکن ہوا ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ لاہور سمیت مختلف شہروں میں تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا، جس پر شہریوں نے خاص طور پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ پہلے بازاروں میں چلنا مشکل تھا، اب راستے کھلے اور محفوظ ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پیرا فورس میں خواتین اہلکاروں کی بھی شمولیت ایک خوش آئند قدم ہے، اور ان کی موجودگی سے خواتین کو مزید سہولت ملے گی۔
سیلاب جیسے ہنگامی حالات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان مواقع پر پیرا فورس نے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر بہترین کام کیا، جو قابلِ فخر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے "نیا گورننس ماڈل" متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد بدعنوانی کا خاتمہ اور عوامی خدمت میں شفافیت لانا ہے۔ نوجوان اہلکاروں سے انہوں نے وعدہ لیا کہ وہ ایمانداری سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے اور رشوت سے دور رہیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے محکمہ سی سی ڈی کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، جن کے مطابق پنجاب کے کئی اضلاع میں جرائم کی شرح صفر تک آ چکی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ وہ پنجاب کو خواتین کے لیے محفوظ ترین صوبہ بنانا چاہتی ہیں، اور پیرا فورس اس مقصد کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گی۔