Wed, September 16, 2026

وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر رسمی ملاقات، کل باضابطہ مذاکرات ہوں گے

وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر رسمی ملاقات، کل باضابطہ مذاکرات ہوں گے

نیویارک: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان نیویارک میں غیر رسمی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور خوشگوار ماحول میں چند لمحے گفتگو کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور صدر ٹرمپ کی باضابطہ ملاقات کل واشنگٹن میں ہوگی، جس میں اعلیٰ سطحی وفود اور اہم حکام شریک ہوں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف آج نیویارک سے واشنگٹن روانہ ہو جائیں گے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کو امن کا خواہاں رہنما قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ دنیا بھر میں امن کے فروغ کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران بھی عالمی امن پر زور دیا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کم کرانے میں بھی صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم نے اہم کردار ادا کیا، جس پر وہ ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب دنیا کے مختلف حصوں میں کشیدگی جاری ہے اور عالمی رہنما امن کے قیام کے لیے سفارتی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

ٹیگز: