Wed, September 16, 2026

اسرائیل کی لڑائی، مگر قیمت عالمی سطح پر ادا ہو رہی ہے: ترک صدر

اسرائیل کی لڑائی، مگر قیمت عالمی سطح پر ادا ہو رہی ہے: ترک صدر

انقرہ: ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران ترکی نہایت سوچ سمجھ کر اپنی پالیسی ترتیب دے رہا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ ہمسایہ اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات متوازن رہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کابینہ اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترکی کسی بھی دباؤ یا سازش میں الجھنے کے بجائے دانشمندی سے حالات کا مقابلہ کر رہا ہے اور موجودہ تنازع کے اثرات سے خود کو محفوظ رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔

صدر اردوان نے کہا کہ حالیہ دنوں کی صورتحال نے یہ بات واضح کر دی ہے کہ یہ تنازع بنیادی طور پر اسرائیل سے جڑا ہوا ہے، مگر اس کے اثرات پوری دنیا کو متاثر کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نیتن یاہو کی سیاسی بقا کی جنگ ہے، لیکن اس کا خمیازہ عالمی سطح پر عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ خطے میں امن کے قیام اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں، اور عالمی برادری کو اس معاملے میں سنجیدہ اور مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

ترک صدر نے مزید کہا کہ اسرائیل کا سخت اور غیر لچکدار رویہ مذاکراتی عمل میں رکاوٹ بن رہا ہے، اس لیے مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کو فروغ دینا ضروری ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترکی ایران میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، جبکہ امریکا اور اسرائیل کے اقدامات نے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔

اردوان نے خبردار کیا کہ جاری تنازع کے باعث توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس کے منفی اثرات ترکی سمیت دیگر ممالک کی معیشت پر بھی پڑ رہے ہیں، تاہم حکومت ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

ٹیگز: