اسلام آباد: پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عمران خان معافی مانگنے کے لیے تیار نہیں ہیں، اور یہ بالکل ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ سمجھتے ہیں کہ عمران خان معافی مانگیں گے، وہ بالکل غلط ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی ملاقاتوں کا معاملہ باہمی رضا مندی سے طے پا چکا ہے، اور ان ملاقاتوں کے لیے مخصوص شرائط رکھی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات کرنے والے سیاسی گفتگو نہیں کریں گے تاکہ امن و امان کی صورتحال خراب نہ ہو، تاہم وہ اپنے سیاسی نکات اسمبلی میں پیش کر سکیں گے۔
حکومتی وزیروں کی جانب سے 9 مئی کے واقعات پر عمران خان سے معافی مانگنے کے مطالبے کے حوالے سے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اس پر بات کرنا بھی فضول ہے کیونکہ عمران خان کسی بھی صورت میں معافی نہیں مانگیں گے۔
محسن نقوی کے منظر عام پر نہ آنے کے حوالے سے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اس بارے میں صرف وہ لوگ بہتر جانتے ہیں جو ان کو لے کر آئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام یا سیاسی جماعتوں کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جمعیت علمائے اسلام (ف) اور دیگر جماعتوں سے مشاورت جاری ہے اور فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو اپنے رویوں پر غور کرنا چاہیے تاکہ ملک میں لاقانونیت اور اغوا کاری کے مسائل کا حل نکالا جا سکے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان سے دو دن کی ملاقات بحال کر دی ہے، جس کا مقصد سیاسی اور قانونی معاملات پر بات چیت کرنا ہے۔