Wed, September 16, 2026

روس میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ، 49 افراد ہلاک

روس میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ، 49 افراد ہلاک

ماسکو : روس کے مشرقی علاقے میں ایک اندوہناک طیارہ حادثے میں 49 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر بردار طیارہ پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔

علاقائی گورنر ویسلی اورلوف کا کہنا ہے کہ طیارے میں 43 مسافر اور 6 عملے کے ارکان سوار تھے۔ یہ طیارہ سائبیریا کی ایک نجی فضائی کمپنی انگارا ایئرلائن کی پرواز پر تھا اور امور ریجن کے شہر ٹنڈا جا رہا تھا، جو چین کی سرحد کے قریب واقع ہے۔

پرواز کے دوران اچانک طیارے کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ ختم ہو گیا اور وہ ریڈار سے بھی غائب ہو گیا۔ فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا، جس کے بعد طیارے کا ملبہ ٹنڈا کے قریب پہاڑی علاقے میں ملا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ طیارہ پہاڑ سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں کوئی بھی مسافر زندہ نہ بچ سکا۔

روس کی سرکاری خبر ایجنسی نے اس واقعے کو حالیہ برسوں کا ایک بڑا فضائی سانحہ قرار دیا ہے، جبکہ شہری ہوابازی کے ادارے اس حادثے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں۔

ٹیگز: