Wed, September 16, 2026

لیپ ٹاپ کو گود میں رکھ کر استعمال کرنا: کیا یہ نقصان دہ ہو سکتا ہے؟

لیپ ٹاپ کو گود میں رکھ کر استعمال کرنا: کیا یہ نقصان دہ ہو سکتا ہے؟

کیلیفورنیا: اکثر لوگ لیپ ٹاپ کو گود میں رکھ کر استعمال کرتے ہیں، مگر کیا یہ عادت صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے؟ دراصل، جب لیپ ٹاپ کو گود میں رکھا جاتا ہے، تو اس سے پیدا ہونے والی حرارت جسم میں اکٹھی ہو جاتی ہے، کیونکہ ہمارا جسم اس حرارت کو باہر نکالنے میں کامیاب نہیں ہو پاتا۔ اس سے نہ صرف لیپ ٹاپ زیادہ گرم ہو جاتا ہے بلکہ اس کے اثرات جسم پر بھی پڑتے ہیں۔

اس وجہ سے اکثر کمپنیاں صارفین کو مشورہ دیتی ہیں کہ لیپ ٹاپ کو کسی ہموار اور سخت سطح پر رکھا جائے تاکہ حرارت کی نکاسی ہو سکے اور ہوا کا بہاؤ متاثر نہ ہو۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ گود میں لیپ ٹاپ رکھنے سے کیا نقصانات ہو سکتے ہیں؟

ایک تحقیق جو 2016 میں جرنل آف بایومیڈیکل فزکس اینڈ انجینئرنگ میں شائع ہوئی تھی، اس میں کہا گیا کہ گود میں لیپ ٹاپ رکھنے سے مردوں کی تولیدی صحت پر اثر پڑ سکتا ہے، خاص طور پر بانجھ پن کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔ اگرچہ یہ مسئلہ عام نہیں ہے، لیکن پھر بھی اس کا امکان موجود ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ لیپ ٹاپ کی خارج ہونے والی کم فریکوئنسی والی ریڈی ایشن مردوں کی تولیدی صحت پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

صرف تولیدی صحت ہی نہیں، بلکہ لیپ ٹاپ کی حرارت جلد کے لیے بھی نقصان دہ ہو سکتی ہے۔ اگر لیپ ٹاپ بہت زیادہ گرم ہو جائے، تو یہ جلد کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے اور جلد کی رنگت میں تبدیلی یا جلنے کے اثرات بھی سامنے آ سکتے ہیں۔

ٹیگز: