کراچی: کراچی کی لانڈھی ڈسٹرکٹ جیل سے 22 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کیا گیا ہے۔ جیل سے رہائی پانے والے بھارتی ماہی گیروں کو ایدھی فاؤنڈیشن کی مدد سے لاہور منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں سے وہ واہگہ بارڈر کے ذریعے اپنے وطن واپس جائیں گے۔
سپرنٹنڈنٹ لانڈھی جیل ارشد شاہ کے مطابق، ان ماہی گیروں میں 3 مسلمان اور 19 ہندو شامل ہیں، جو پاکستانی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر مچھلی پکڑنے کے دوران پکڑے گئے تھے۔ انہوں نے گزشتہ 3 سے ڈھائی سال تک قید کی سزا کاٹی۔
ارشد شاہ نے بتایا کہ ان ماہی گیروں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کیا گیا ہے اور انہیں وطن روانہ کرتے وقت سفر کے اخراجات اور تحائف بھی دیے گئے ہیں۔ اس وقت ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں 198 بھارتی ماہی گیر قید ہیں۔