کراچی: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بحیرہ عرب کے شمال مشرقی حصے میں موجود گہرا دباؤ (ڈیپ ڈپریشن) آج رات کسی بھی وقت سمندری طوفان میں تبدیل ہو سکتا ہے، جب کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اس کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
تازہ ترین موسمی الرٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سسٹم کے باعث سندھ کے مختلف اضلاع — جن میں تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، مٹیاری اور جامشورو شامل ہیں — میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی یا درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔ کراچی کے چند علاقوں میں بھی ہلکی بوندا باندی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سمندری ہوائیں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں، اور بعض مقامات پر یہ رفتار 55 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے، جس سے نقصانات کا خدشہ ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر ماہی گیروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اتوار تک گہرے پانیوں میں جانے سے گریز کریں۔
محکمہ کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور بارش کے باعث کمزور تعمیرات، کھمبے، اشتہاری بورڈ، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، خاص طور پر کچی آبادیوں میں۔
کراچی میں ہفتے کے روز موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہے گا، جبکہ بعض علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب صبح کے وقت 75 سے 85 فیصد اور شام کے وقت 60 سے 70 فیصد کے درمیان رہ سکتا ہے۔
قبل ازیں جاری کردہ ایک ایڈوائزری میں محکمہ موسمیات نے واضح کیا تھا کہ 4 سے 6 اکتوبر کے دوران خلیج بنگال اور شمالی بحیرہ عرب سے نمی لانے والی ہوائیں مزید فعال ہو جائیں گی، جس سے موسمی اثرات شدت اختیار کر سکتے ہیں۔