اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس نیٹ میں اضافے کے لیے مزید ایک لاکھ 74 ہزار نان فائلرز کی نئی فہرست مرتب کر لی ہے، جس میں گھریلو خواتین بھی شامل کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق فہرست میں شامل زیادہ تر نان فائلرز کو نوٹس ارسال کیے جا چکے ہیں، جبکہ دیگر کو مرحلہ وار نوٹس جاری کیے جائیں گے۔ ایف بی آر نے نان فائلرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ دستاویزات کے ہمراہ گزشتہ تین سال کے ٹیکس ریٹرن جمع کروائیں۔
ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ نان فائلرز کو شناختی کارڈ کی بنیاد پر آن لائن اور ان کے گھروں پر نوٹس بھجوائے جا رہے ہیں، تاکہ ٹیکس قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیکس نظام کو مؤثر بنانا اور زیادہ سے زیادہ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہے۔