اسلام آباد : حکومت نے پی آئی اے کی خریداری کے عمل میں اس کی قومی شناخت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق، نئی سرمایہ کاری یا شراکت داری کے باوجود پی آئی اے کا نام نہیں بدلے گا اور وہ ہمیشہ کی طرح "پی آئی اے" ہی کہلائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کا مشہور لوگو اور برانڈ بھی برقرار رکھا جائے گا، اور اس کی تاریخی حیثیت کو بھی متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔ حکومت کا مقصد پی آئی اے کو ایک قومی علامت کے طور پر قائم رکھنا ہے تاکہ اس کی میراث اور عوام کا اس سے تعلق قائم رہے۔
نئے سرمایہ کاروں کو پی آئی اے کی مالی اور انتظامی اصلاحات کرنے کی اجازت ہوگی، لیکن اس کے قومی تشخص، برانڈ اور شناخت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت پی آئی اے کی مضبوطی کے ساتھ ساتھ اس کی قومی حیثیت کو قائم رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔