ممبئی : بھارتی میڈیا کے مطابق، بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ نے ڈان فلم سیریز کی اگلی قسط ڈان 3 میں کام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ 2023 میں فرحان اختر نے اعلان کیا تھا کہ اس بار ڈان 3 میں شاہ رخ خان کے مشہور کردار کی جگہ رنویر سنگھ لیں گے۔
فرحان اختر نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بتایا تھا کہ ڈان 3 کی شوٹنگ جلد شروع ہو گی اور رنویر سنگھ اس بار ڈان کے روپ میں نظر آئیں گے۔ لیکن دو سال کے بعد اب خبریں آ رہی ہیں کہ رنویر سنگھ نے اس پروجیکٹ کو چھوڑ دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، رنویر سنگھ کی جانب سے ڈان 3 چھوڑنے کی وجہ ان کے نئے منصوبے ہیں۔ دھریندر کی کامیابی کے بعد، وہ سنجے لیلا بھنسالی اور لوکیش کنگراج جیسے بڑے فلم سازوں کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔ اس کے علاوہ، رنویر مسلسل گینگسٹر کے کردار نبھانے کے بجائے نئے چیلنجز کی تلاش میں ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ دھریندر کی کامیابی کے فوراً بعد رنویر کو ڈان 3 کی شوٹنگ شروع کرنی تھی، مگر اب یہ پروجیکٹ مؤخر کر دیا گیا ہے۔ رنویر نے اپنے دوسرے منصوبوں کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے نہ تو رنویر سنگھ اور نہ ہی فلم کے پروڈیوسر کی جانب سے کوئی باقاعدہ بیان آیا ہے۔