نیویارک : پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کے معاملے پر تصادم سے بچنا ضروری ہے اور اس کا حل صرف بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے ایران کے جوہری مسئلے پر سلامتی کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کوئی متبادل انتظام طے نہیں پاتا، جے سی پی او اے (جوائنٹ کمپریہنسو پلان آف ایکشن) کے فریم ورک کو برقرار رکھنا چاہیے۔
عثمان جدون نے مزید کہا کہ حالیہ مہینوں میں سلامتی کونسل کے اندر اور باہر اس مسئلے پر اختلافات بڑھ گئے ہیں، جس کی وجہ سے ہم حل سے مزید دور ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر سفارتکاری کو کامیاب بنانے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ صورتحال پہلے ہی اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزیوں اور طاقت کے یکطرفہ استعمال سے پیچیدہ ہو چکی ہے، اور پاکستان کا موقف بدستور یہی ہے کہ اس مسئلے کا حل صرف مذاکرات اور مکالمے سے ہی ممکن ہے۔