Wed, September 16, 2026

وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی جوہری حق کی حمایت کا اعلان، ایران سے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی جوہری حق کی حمایت کا اعلان، ایران سے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران کو پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی حاصل کرنے کا حق حاصل ہے، اور پاکستان اس اصولی مؤقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

یہ بات انہوں نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی، جو پہلی مرتبہ پاکستان کے دورے پر آئے ہیں۔ وزیراعظم نے ایرانی صدر اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کا قریبی دوست اور برادر ملک ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات، تجارت، سکیورٹی، بارڈر مینجمنٹ اور علاقائی مسائل پر کھل کر بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران نے 10 ارب ڈالر کی تجارت کا ہدف مقرر کیا ہے اور کئی اہم معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے ہیں۔

شہباز شریف نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں کا کوئی جواز نہیں، ایران نے بھرپور انداز میں اپنا دفاع کیا، اور اس کی قیادت اور فوج نے اسرائیل کے مقابلے میں جرات کا مظاہرہ کیا۔

وزیراعظم نے غزہ میں جاری ظلم و ستم پر بھی شدید تشویش ظاہر کی اور کہا کہ وہاں ہر گلی، ہر علاقہ خون سے رنگین ہو چکا ہے، بچوں، خواتین اور نوجوانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، اور امداد بند کر کے لوگوں کو فاقہ کشی پر مجبور کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مسلم دنیا سے مطالبہ کیا کہ اب خاموش رہنے کا وقت نہیں، غزہ کے لیے یک زبان ہو کر آواز بلند کی جائے۔

شہباز شریف نے کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں بھی صورتحال غزہ سے کم نہیں، روزانہ کشمیریوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام کو بھی وہی آزادی کا حق حاصل ہونا چاہیے جو دنیا کے دیگر لوگوں کو ہے، اور پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے ایران کا شکریہ ادا کیا کہ وہ کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت کرتا ہے۔

اس موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کے عوام اور قیادت کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات مذہب، ثقافت اور مشترکہ تاریخ پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اقتصادی، سیاسی اور سکیورٹی تعاون کو مزید بڑھانا چاہتا ہے۔

ایرانی صدر نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل خطے میں امن و استحکام کو نقصان پہنچا رہا ہے اور غزہ، لبنان و شام پر جارحیت اس کے خطرناک عزائم کا حصہ ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی مظالم پر فوری نوٹس لے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر ایرانی صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کو دورۂ ایران کی دعوت بھی دی۔

ٹیگز: