Wed, September 16, 2026

محنت کش کی خوشحالی، قومی ترقی کی ضمانت

ورکرز ویلفیئر فنڈ پاکستان کے محنت کش طبقے کے لیے ریاستی فلاح و بہبود کے عملی تصور کی ایک روشن مثال ہے۔ اس ادارے کا مقصد محض مالی معاونت فراہم کرنا نہیں بلکہ محنت کش شہری کو ایک باعزت، محفوظ اور مستحکم زندگی کی ضمانت دینا ہے۔ قیامِ پاکستان کے بعد مزدور طبقہ ملکی معیشت کی بنیاد رہا ہے اور اسی احساسِ ذمہ داری کے تحت ریاست نے یہ اصول اپنایا کہ جو ہاتھ قومی ترقی کا پہیہ چلاتے ہیں، ان کی زندگی میں تعلیم، صحت، رہائش اور سماجی تحفظ کی سہولیات بھی یقینی بنائی جائیں۔ ورکرز ویلفیئر فنڈ اسی سوچ کا تسلسل ہے جو آج وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل چودھری سالک حسین اور سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد کی قیادت میں ایک فعال، شفاف اور جدید ادارے کی صورت اختیار کر چکا ہے۔حالیہ برسوں میں ورکرز ویلفیئر فنڈ کی کارکردگی محض اعداد و شمار تک محدود نہیں رہی بلکہ اس نے لاکھوں محنت کش خاندانوں کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی پیدا کی ہے۔ ادارے کی توجہ بنیادی انسانی ضروریات یعنی رہائش، تعلیم، صحت اور فنی تربیت پر مرکوز رہی، کیونکہ یہی عناصر کسی بھی معاشرے کی پائیدار ترقی کی بنیاد بنتے ہیں۔ ملک بھر میں 380 مکمل شدہ فلاحی منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں کہ ادارہ منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ مؤثر عمل درآمد کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ ان منصوبوں میں 88 ہاؤسنگ سکیمیں، 155 تعلیمی ادارے، 96 صحت کے مراکز اور 41 فنی تربیتی ادارے شامل ہیں جو براہِ راست مزدور طبقے کی ضروریات پوری کر رہے ہیں۔رہائش کے شعبے میں ورکرز ویلفیئر فنڈ کی پیش رفت خاص طور پر قابلِ ذکر ہے۔ اسلام آباد، پنجاب اور دیگر علاقوں میں تعمیر کیے گئے لیبر کمپلیکس جدید سہولیات سے آراستہ ہیں اور کم آمدنی والے صنعتی کارکنان کے لیے ایک باعزت رہائشی ماحول فراہم کر رہے ہیں۔ اسلام آباد زون فائیو میں قائم لیبر کمپلیکس، جہاں حال ہی میں بجلی کی فراہمی کا افتتاح ہوا، اس عزم کی عملی مثال ہے۔ اس منصوبے کے تحت 1508 فلیٹس اور مکانات میرٹ کی بنیاد پر محنت کشوں کے حوالے کیے جائیں گے، جو دارالحکومت میں رہائش کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے مترادف ہے۔ اسی طرح ٹیکسلا لیبر کمپلیکس میں 504 جدید فلیٹس کی تکمیل اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ ادارہ اب روایتی انداز سے نکل کر مستقبل کی ضروریات کو سامنے رکھ کر منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ تعلیم کے میدان میں ورکرز ویلفیئر فنڈ نے ایک مضبوط اور وسیع نیٹ ورک قائم کیا ہے۔ ویلفیئر سکولز کے ذریعے محنت کشوں کے بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کی جا رہی ہے، جہاں نصابی تعلیم کے ساتھ کردار سازی اور ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی توجہ دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم محنت کشوں کے بچوں کو پوسٹ گریجویشن تک تعلیمی وظائف دئیے جا رہے ہیں، جس سے اعلیٰ تعلیم کے دروازے اس طبقے کے لیے کھل رہے ہیں جو ماضی میں مالی مجبوریوں کے باعث پیچھے رہ جاتا تھا۔ صحت کے شعبے میں بھی ورکرز ویلفیئر فنڈ کی خدمات نمایاں ہیں۔ ملک بھر میں قائم ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں کے ذریعے محنت کشوں اور ان کے اہلِ خانہ کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ یہ مراکز نہ صرف علاج بلکہ حفاظتی صحت کے فروغ میں بھی کردار ادا کر رہے ہیں، تاکہ بیماریوں سے بچاؤ کا شعور مضبوط ہو سکے۔ سماجی تحفظ کے تحت دی جانے والی خصوصی گرانٹس ورکرز ویلفیئر فنڈ کی ایک اہم پہچان ہیں۔ میرج گرانٹ کے ذریعے ہر اہل محنت کش کی بیٹی کی شادی کے لیے چھ لاکھ روپے فراہم کیے جاتے ہیں، جبکہ ڈیتھ گرانٹ کے تحت دورانِ ملازمت وفات پانے والے محنت کش کے خاندان کو دس لاکھ روپے کی فوری امداد دی جاتی ہے۔ یہ ایک قابلِ فخر حقیقت ہے کہ اس وقت ان گرانٹس کا کوئی بھی کیس زیرِ التوا نہیں، جو ادارے کی شفافیت اور انتظامی صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔ اسی طرح ہر سال 85 محنت کشوں کو ورکرز ویلفیئر فنڈ کے خرچ پر حج کی سعادت بھی فراہم کی جاتی ہے۔ ادارہ جاتی بہتری کے لیے جدید اصلاحات متعارف کرانا موجودہ قیادت کی اہم کامیابی ہے۔ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے نفاذ سے تمام معاملات ڈیجیٹل ہو چکے ہیں، جس سے نگرانی کا نظام مضبوط اور سہولتوں کی فراہمی تیز ہو گئی ہے۔ کیش لیس اور ڈیجیٹائزڈ ادائیگیوں نے شفافیت کو مزید یقینی بنایا ہے۔ عالمی بینک کے DEEP پروجیکٹ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت ڈیٹا پر مبنی پالیسی سازی کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس سے مستقبل کے فیصلے حقیقی زمینی حقائق کی بنیاد پر کیے جا سکیں گے۔ ریونیو میں اضافے کے لیے بزنس ایکسپینشن یونٹ اور ایف سکس اسلام آباد میں بزنس سنٹر کا قیام اس بات کا ثبوت ہے کہ ادارہ مالی استحکام کے لیے بھی سنجیدہ حکمتِ عملی اپنا رہا ہے۔ یہ منصوبے مستقبل میں نہ صرف فنڈ کے وسائل میں اضافہ کریں گے بلکہ دیگر سرکاری اداروں کے لیے بھی مثال بنیں گے۔ یہ تمام اقدامات وزیراعظم شہباز شریف کے ترقیاتی وژن اور قومی استحکام کے تصور سے ہم آہنگ ہیں، جہاں محنت کش کو قومی ترقی کا حقیقی شراکت دار تسلیم کیا گیا ہے۔ وفاقی سیکرٹری ندیم اسلم چودھری کی رہنمائی اور سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد کی عملی نگرانی نے اس وژن کو حقیقت میں بدل دیا ہے۔ مجموعی طور پر ورکرز ویلفیئر فنڈ آج ایک ایسے ادارے کے طور پر سامنے آیا ہے جو محنت کش کی خوشحالی کو قومی ترقی کی بنیاد سمجھتا ہے۔ شفافیت، جدیدیت اور سماجی انصاف اس کی پہچان بن چکے ہیں۔ اگر یہی رفتار اور نیت برقرار رہی تو آنے والے برسوں میں ورکرز ویلفیئر فنڈ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے دیگر ممالک کے لیے بھی ایک رول ماڈل بن سکتا ہے۔ محنت کش کی خوشحالی دراصل ایک مضبوط معیشت اور مستحکم ریاست کی ضمانت ہے اور یہی پیغام اس ادارے کی کارکردگی واضح طور پر دیتی ہے۔

ٹیگز: