Wed, September 16, 2026

قطری کاروباری گروپوں کی پاکستان میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی

قطری کاروباری گروپوں کی پاکستان میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی

اسلام آباد: قطر کے نمایاں کاروباری اداروں رتاج گروپ اور تمیم ہولڈنگز نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے اور مختلف شعبوں میں مزید کاروباری مواقع تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

یہ بات گروپ کے چیئرمین شیخ نائف بن عید آل ثانی کی قیادت میں آنے والے قطری وفد کی وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران سامنے آئی۔

وزیراعظم نے قطری وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور دونوں ممالک کے درمیان موجود دیرینہ دوستانہ تعلقات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے روابط اعتماد، بھائی چارے اور باہمی احترام پر قائم ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے حالیہ دورۂ قطر کا بھی حوالہ دیا، جہاں انہوں نے قطری امیر کے والد کے انتقال پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد قطر کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعاون کو اقتصادی میدان تک وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے امکانات کو خوش آئند قرار دیا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے آئندہ دورۂ پاکستان کا منتظر ہے۔ ان کے مطابق امیرِ قطر کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور تعاون کو نئی سمت دینے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔

ملاقات کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید مستحکم کرنے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

قطری کاروباری گروپ کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے معاشی تعاون کی اہم علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
 
 
 
 

ٹیگز: