اسلام آباد: پاک سعودی سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں اعلیٰ سطحی سعودی کاروباری وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔
سعودی وفد نے دورے کے دوران حکومتی اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جن میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقاتوں میں توانائی، پٹرولیم، نجکاری، صنعت، مواصلات اور ہائی ویز سمیت ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع زیرِ غور آئے۔ اس کے علاوہ جی ٹو جی اور بی ٹو بی تعاون کے تحت مشترکہ منصوبوں اور کاروباری شراکت داری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایس آئی ایف سی نے سعودی وفد کی اہم ملاقاتوں کے لیے مؤثر رابطہ کاری اور سہولت کاری فراہم کی۔ حکام کے مطابق ایس آئی ایف سی کی کاوشوں سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کے فروغ کے ساتھ پاک سعودی اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔