Wed, September 16, 2026

خیبرپختونخوا میں بارشوں اور فلش فلڈ سے ہلاکتیں 406 تک پہنچ گئیں، سیکڑوں زخمی

خیبرپختونخوا میں بارشوں اور فلش فلڈ سے ہلاکتیں 406 تک پہنچ گئیں، سیکڑوں زخمی

پشاور : خیبرپختونخوا میں 15 اگست سے جاری بارشوں اور فلش فلڈ کی وجہ سے تباہی کا سماں ہے۔ محکمہ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق اب تک صوبے بھر میں 406 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ 247 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 305 مرد، 55 خواتین اور 46 بچے شامل ہیں۔ زخمیوں میں بھی مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں، جن کی تعداد بالترتیب 179، 38 اور 30 ہے۔ خاص طور پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید بارش کے باعث کئی گھروں کی چھتیں گرنے سے 8 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہوئے ہیں۔

اب تک بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے صوبے کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 3,526 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ ان میں سے 2,945 گھروں کو جزوی نقصان ہوا ہے جبکہ 577 گھر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔

سب سے زیادہ نقصان ضلع بونیر میں ہوا ہے جہاں 337 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اسی طرح صوابی میں بھی 46 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ دیگر متاثرہ اضلاع میں سوات، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لوئر، بٹگرام، ڈیرہ اسماعیل خان اور صوابی شامل ہیں۔

متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امدادی کارروائیاں فوری طور پر تیز کریں اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کریں۔ پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ ادارے ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے۔ عوام سے درخواست ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع دینے، موسمی اپڈیٹس لینے یا مدد کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں ۔

ٹیگز: