Wed, September 16, 2026

افغانستان میں شدید زلزلہ، سیکڑوں جانیں چلی گئیں — نورگل کے دیہات مٹی تلے دب گئے

افغانستان میں شدید زلزلہ، سیکڑوں جانیں چلی گئیں — نورگل کے دیہات مٹی تلے دب گئے

کابل: افغانستان کے مشرقی علاقے ننگرہار میں گزشتہ رات آنے والے شدید زلزلے نے ہر طرف تباہی مچادی، جہاں کم از کم 250 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 500 سے زائد زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار ابتدائی ہیں، اور نقصان اس سے کہیں زیادہ ہو سکتا ہے۔

زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز جلال آباد کے قریب تھا۔ زلزلہ اتنا طاقتور تھا کہ صرف چند لمحوں میں پورے دیہات زمین بوس ہو گئے، خاص طور پر ضلع نورگل کے گاؤں مکمل طور پر مٹی کے ڈھیر بن چکے ہیں۔ حکام کے مطابق ملبے تلے ابھی بھی سینکڑوں افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔

زلزلہ رات 11 بج کر 47 منٹ پر آیا، جس کے صرف 20 منٹ بعد ایک اور جھٹکا محسوس کیا گیا، جس کی شدت 4.5 تھی۔

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے رات گئے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے فوری طور پر امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں، جبکہ مقامی رضاکار بھی متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو نکالنے اور مدد فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔

دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے کئی مقامات تک امداد پہنچنے میں وقت لگ رہا ہے۔ لوگ اپنے ہاتھوں سے ملبہ ہٹا کر پیاروں کو ڈھونڈنے میں لگے ہیں۔

یہ زلزلہ صرف افغانستان تک محدود نہیں رہا، بلکہ اس کے جھٹکے پاکستان کے کئی شہروں میں بھی محسوس کیے گئے، جن میں اسلام آباد، لاہور، پشاور، سوات، مردان، ایبٹ آباد، چکوال اور دیگر علاقے شامل ہیں۔ لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے، تاہم پاکستان سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ٹیگز: