Wed, September 16, 2026

ڈھاکہ میں پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

ڈھاکہ میں پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

ڈھاکہ : ڈھاکہ میں پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بنگلادیش کے ایڈوائزر برائے خارجہ امور محمد توحید حسین سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے وفود نے مختلف اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا، جن میں اقتصادی تعاون، تجارتی روابط اور علاقائی مسائل شامل تھے۔ دفتر خارجہ کے مطابق، اعلیٰ سطح پر تعلقات کو بڑھانے، عوام کے درمیان روابط مضبوط کرنے، ثقافت اور تعلیم کے تبادلے کے منصوبوں پر بات ہوئی۔

علاقائی اور بین الاقوامی مسائل جیسے سارک کی بحالی، مسئلہ فلسطین اور روہنگیا بحران کے حل پر بھی زور دیا گیا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بنگلادیش کے تجارتی مشیر شیخ بشیرالدین نے بھی تجارتی تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تفصیل سے بات کی۔

اس ملاقات میں کئی اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے، جن میں سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا فری انٹری شامل ہے۔ اس کے علاوہ فارن سروسز اکیڈمیز کے درمیان تعاون اور دونوں ملکوں کے اسٹریٹیجک اسٹڈیز اداروں کے درمیان بھی شراکت داری کا معاہدہ ہوا۔ تجارتی فروغ کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے اور دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس موقع پر بنگلادیش کے ایڈوائزر نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا.

ٹیگز: