تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ایک مشترکہ بیان میں واضح کیا ہے کہ ایران میں سیاسی گروہ بندیوں کی کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پوری قوم صرف اور صرف ایرانی اور انقلابی شناخت کے گرد متحد ہے۔
ایرانی قیادت نے اپنے بیان میں "اعتدال پسند" اور "انتہا پسند" جیسے القابات کو بیرونی تقسیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے دشمنوں کو یہ جان لینا چاہیے کہ یہاں صرف ایک ہی سوچ پروان چڑھتی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ ایران کی بقا کا راز اس کے اتحاد میں ہے؛ ہمارا ایک خدا، ایک رہبر، ایک ملت اور ایک ہی راستہ ہے۔
صدر اور سپیکر نے مشترکہ طور پر عزم ظاہر کیا کہ ایران کی کامیابی ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے اور ہم ملکی ترقی کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔اس بیان کا مقصد عالمی سطح پر یہ واضح کرنا ہے کہ ایران کی تمام سیاسی طاقتیں ملکی سلامتی اور نظریاتی تحفظ کے لیے ایک پیج پر ہیں۔