اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دفاعی تعاون کا معاہدہ دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے، جس سے دوستی کو نئی جہت ملی ہے۔
سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان، شاہی خاندان اور عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کی متحرک قیادت میں سعودی عرب نے شاندار ترقی کی ہے، جو نہ صرف سعودی عوام بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات محض سیاسی یا سفارتی نہیں بلکہ دلوں سے جڑے ہوئے ہیں، یہ رشتہ وفاداری، خلوص اور بھائی چارے پر مبنی ہے، جس نے ہر آزمائش میں کامیابی حاصل کی ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، چاہے قدرتی آفات ہوں یا عالمی چیلنجز، سعودی تعاون ہمیشہ قابلِ ستائش رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا تعلق جغرافیائی حدود سے کہیں آگے ہے ایک روحانی، مذہبی اور ثقافتی بندھن ہے جو ہمیشہ مضبوط رہا ہے اور ان شاء اللہ ہمیشہ قائم رہے گا۔
محسن نقوی نے آخر میں کہا کہ پاکستانی قوم سعودی عرب کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعاگو ہے، اور دونوں ملکوں کے تعلقات آئندہ بھی مضبوط تر ہوتے رہیں گے۔