کراچی: پاکستان کی معیشت کے لیے خوش آئند خبر ہے کہ رواں مالی سال میں ملک سے انڈوں کی برآمدات میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یکم جولائی سے اب تک امریکہ کو 18 لاکھ 99 ہزار 240 درجن انڈے برآمد کیے جا چکے ہیں، جن کی مالیت 2.37 ملین امریکی ڈالر ہے، جو محکمہ قرنطینہ حیوانیات کی رپورٹ میں سامنے آیا ہے۔
پاکستان سے انڈے متحدہ عرب امارات، بحرین، ہانگ کانگ، کویت، قطر، سومالیہ، اور افغانستان سمیت متعدد ممالک کو برآمد کیے جا رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کو 17.22 ملین امریکی ڈالر، ہانگ کانگ کو 544 ہزار ڈالر، بحرین کو 32,950 ڈالر، کویت کو 31,654 ڈالر، سومالیہ کو 241 ہزار ڈالر، اور افغانستان کو 1.07 ملین امریکی ڈالر کے انڈے برآمد کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ، پاکستان سے لیکوئڈ انڈے بھی مختلف ممالک کو برآمد کیے جا رہے ہیں۔ مالی سال 2024-25 میں 1169 میٹرک ٹن لیکوئڈ انڈے برآمد کیے گئے، جن کی مالیت 26 لاکھ 12 ہزار 930 ڈالر رہی۔ یہ لیکوئڈ انڈے بحرین، مصر، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب، اور متحدہ عرب امارات کو بھیجے گئے۔
مجموعی طور پر، مالی سال 2024-25 میں پاکستان سے انڈوں کی برآمدات 18.25 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ مالی سال 14 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ گئی ہیں۔