Wed, September 16, 2026

پاکستان جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کے درمیان ایک اہم رابطہ نقطہ ہے۔ اسحاق ڈار

 پاکستان جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کے درمیان ایک اہم رابطہ نقطہ ہے۔ اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کے درمیان ایک اہم رابطہ نقطہ ہے، اور اس کی خطے میں کلیدی حیثیت ہے۔ اسلام آباد میں ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس 2025 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کے ذریعے علاقے میں روابط بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی ترقی کے لیے بہتر ٹرانسپورٹ کا نظام ضروری ہے اور علاقائی روابط کے فروغ سے ہی اجتماعی ترقی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی شاہراہیں اور مواصلاتی راستے اس مقصد کے لیے کام کر رہے ہیں، اور حکومت ریل اور روڈ نیٹ ورک کی ترقی کو اپنی ترجیحات میں شامل کر رہی ہے۔

سی پیک (چین پاکستان اقتصادی راہداری) کے تحت جاری روڈ منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ منصوبے پاکستان اور پورے خطے کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ اس کے علاوہ، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ریلوے نیٹ ورک کے منصوبے پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ تجارتی تعلقات میں اضافہ ہو۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان توانائی کے منصوبوں پر بھی کام کر رہا ہے، جو ملک کو توانائی میں خودکفالت فراہم کرنے کے لیے اہم ہیں۔ اس کے ساتھ ہی، پاکستان اپنی بندرگاہوں کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے اور ای پورٹ منصوبے پر بھی کام جاری ہے، جو برآمدات کے فروغ کے لیے اہم ہے۔

ٹیگز: