Wed, September 16, 2026

عالمی منظرنامے پر پاکستان کا مؤقف، بلاول بھٹو کی وزیراعظم سے مشاورتی ملاقات

عالمی منظرنامے پر پاکستان کا مؤقف، بلاول بھٹو کی وزیراعظم سے مشاورتی ملاقات

اسلام آباد:پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں بین الاقوامی روابط، وزارت خارجہ کی حالیہ سرگرمیوں اور پاکستان کے خارجہ مؤقف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بلاول بھٹو کی قیادت میں وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں سینیٹر شیری رحمان اور حنا ربانی کھر بھی شریک تھیں۔ ملاقات میں ملکی داخلی و خارجی سیکیورٹی  اور خطے کی سفارتی پیش رفت پر  بات ہوئی۔

ذرائع کے مطابق، بلاول بھٹو نے وزارت خارجہ میں دی جانے والی بریفنگ کی روشنی میں وزیراعظم کو عالمی دوروں، سفارتی ملاقاتوں اور عالمی دارالحکومتوں میں پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کرنے سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے بھارت کی اشتعال انگیزی کے خلاف پاکستان کے مؤقف کو مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے رکھنے کی حکمت عملی پر مشورہ بھی طلب کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں قومی سفارتی وفد کی قیادت کا موقع دینا قابلِ فخر ہے۔

وزیراعظم نے سابق وزیر خارجہ کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پُرامید ہیں کہ ان کی قیادت میں پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کیا جائے گا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، سیاسی امور کے مشیر رانا ثناء اللہ اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی شریک ہوئے۔

ٹیگز: