واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جو پرانے اور حل نہ ہونے والے مسائل ہیں، وہی خطے میں دہشتگردی کی ایک بڑی وجہ ہیں۔
اپنی پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اس وقت جنگ بندی ہے، اور ایک وقت ایسا بھی آیا جب دونوں ممالک مکمل جنگ کے قریب پہنچ چکے تھے۔ ٹیمی بروس نے کہا کہ امریکا نے اس کشیدگی کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جو خوش آئند بات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی سے اب دونوں ملکوں کو موقع ملا ہے کہ وہ اپنے مسائل کو پرامن طریقے سے حل کریں۔ ان کے بقول، یہ اچھی بات ہے کہ دوسرے خطوں کے برعکس، یہاں جنگ کے بجائے امن کی کوششیں ہو رہی ہیں۔
ٹیمی بروس نے واشنگٹن میں اسرائیلی سفارتی اہلکاروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا چاہتا ہے کہ غزہ میں پھنسے ہوئے لوگوں تک فوری امداد پہنچائی جائے۔ایران کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا پانچواں دور جاری ہے، اور بات چیت میں پیش رفت ہو رہی ہے۔