Wed, September 16, 2026

امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے پاکستان کے کردار کے معترف ہیں، مسعود پزشکیان

امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے پاکستان کے کردار کے معترف ہیں، مسعود پزشکیان

اسلام آباد: ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات منفرد نوعیت کے حامل ہیں، دونوں ممالک مشترکہ مستقبل اور منزل کے شراکت دار ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان صرف ہمارا ہمسایہ نہیں بلکہ ہمارا بھائی اور عزیز دوست ہے۔ اسلام آباد اور تہران کے درمیان تعلقات قریبی اعتماد اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔

مسعود پزشکیان نے اپنی گفتگو کا آغاز مفکر پاکستان علامہ اقبال کے شعر سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی قریب میں پیش آنے والے واقعات نے دونوں ممالک کے قریبی رشتے کو مزید مضبوط کیا ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان نے مذاکراتی عمل میں بہترین کردار ادا کیا، امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے کردار کے معترف ہیں۔ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط پاکستان پر اعتماد کی بدولت ممکن ہوئے۔

انہوں نے شاندار استقبال اور بھرپور میزبانی پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو دورہ پاکستان کی دعوت دینے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ صدر مملکت، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے تعمیری ملاقاتیں ہوئیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ خطے میں امن و سلامتی، پائیدار ترقی اور علاقائی روابط کا فروغ تعمیری بات چیت سے ممکن ہے۔ امن عمل میں تعاون پر قطر، ترکیہ، سعودی عرب، مصر اور دیگر دوست ممالک کے کردار کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ثالثی عمل میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ جنگ کے آغاز سے مفاہمتی یادداشت تک پاکستان نے مخلصانہ اور انتھک کوششیں کیں۔

ٹیگز: