Wed, September 16, 2026

واٹس ایپ ویب میں بڑی سہولت شامل، پی ڈی ایف فائلیں اب بغیر ڈاؤن لوڈ کھولنا ممکن

واٹس ایپ ویب میں بڑی سہولت شامل، پی ڈی ایف فائلیں اب بغیر ڈاؤن لوڈ کھولنا ممکن

کیلیفورنیا: میٹا نے واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ڈیسک ٹاپ ایپ کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اب پی ڈی ایف دستاویزات کو ڈاؤن لوڈ کیے بغیر ہی براہِ راست چیٹ کے اندر دیکھ سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق اس نئی سہولت کے لیے واٹس ایپ میں ایڈوب ایکروبیٹ کی ٹیکنالوجی کو شامل کیا گیا ہے، تاکہ لیپ ٹاپ اور ڈیسک ٹاپ صارفین کو دستاویزات تک تیز اور آسان رسائی فراہم کی جا سکے۔

اس سے پہلے واٹس ایپ پر موصول ہونے والی کسی بھی پی ڈی ایف فائل کو پڑھنے کے لیے اسے پہلے کمپیوٹر میں محفوظ کرنا ضروری تھا، لیکن تازہ اپ ڈیٹ کے بعد یہ مرحلہ ختم کر دیا گیا ہے اور فائل فوری طور پر اوپن کی جا سکے گی۔

نئے فیچر کے ذریعے صارفین صرف دستاویزات کا مشاہدہ ہی نہیں کریں گے بلکہ ان پر ہائی لائٹ، تبصرے (Annotations) اور دیگر بنیادی ترامیم بھی انجام دے سکیں گے۔

میٹا کا کہنا ہے کہ یہ سہولت ایڈوب کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے اور اسے مرحلہ وار دنیا بھر کے واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ایپ استعمال کرنے والوں کے لیے جاری کیا جا رہا ہے۔

کمپنی کے مطابق چونکہ واٹس ایپ کے دنیا بھر میں تین ارب سے زائد صارفین روزانہ بڑی تعداد میں دستاویزات کا تبادلہ کرتے ہیں، اس لیے یہ اپ ڈیٹ صارفین کے لیے وقت کی بچت اور بہتر تجربہ فراہم کرے گی۔

میٹا نے واضح کیا کہ پی ڈی ایف فائلز کو براہِ راست کھولنے اور ان میں ترمیم کرنے کے باوجود واٹس ایپ کی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن برقرار رہے گی، جس سے صارفین کی معلومات اور دستاویزات مکمل طور پر محفوظ رہیں گی۔

اس کے علاوہ کمپنی نے دیگر نئی سہولیات کا بھی اعلان کیا ہے، جن کے تحت آئی پیڈ صارفین اب براہِ راست نیا واٹس ایپ اکاؤنٹ رجسٹر کر سکیں گے، جبکہ ایپل کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو کے لیے واٹس ایپ کے انٹرفیس کو بھی ازسرِنو ترتیب دیا گیا ہے۔

مزید یہ کہ اب صارفین مختلف میوزک پلیٹ فارمز سے پسندیدہ گانے براہِ راست اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پر شیئر کرنے کی سہولت بھی حاصل کر سکیں گے۔
 
 
 
 

ٹیگز: