اسلام آباد: پاکستانی کار ڈیلیوری ڈرائیورز کو سعودی عرب میں روزگار فراہم کرنے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ فوجی فاؤنڈیشن، شعلان ایجنسی اور سعودی عرب کی معروف فوڈ ڈیلیوری پلیٹ فارم ہنگر سٹیشن کی آپریٹنگ کمپنی نے مشترکہ طور پر ہزاروں پاکستانی ڈرائیورز کی بھرتی کا فیصلہ کیا ہے۔
اس مقصد کے لیے کے ایچ ایم گروپ کے ہیڈ آفس اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ہنگر اسٹیشن آپریٹنگ کمپنی کے سرکاری نمائندے مسٹر نازیہ النوری، شعلان ایجنسی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد نواز، فوجی فاؤنڈیشن کے نمائندے میجر جنرل (ر) احسان محمود، کرنل عارف اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ سعودی عرب میں کار ڈیلیوری ڈرائیورز کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے پاکستان سے بڑے پیمانے پر بھرتی کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے شفاف اور میرٹ پر مبنی انتخابی عمل اختیار کیا جائے گا تاکہ اہل امیدواروں کو روزگار کے مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شعلان ایجنسی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد نواز نے کہا کہ یہ مشترکہ اقدام پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان افرادی قوت کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کو بھرتی، دستاویزات کی تیاری، ویزا پراسیسنگ اور سعودی عرب روانگی تک ہر مرحلے پر مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر سعودی وفد نے پاکستانی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ منصوبہ سعودی عرب میں کار ڈیلیوری ڈرائیورز کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اجلاس کے اختتام پر تینوں اداروں نے بیرون ملک روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان افرادی قوت کے شعبے میں طویل المدتی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔