Wed, September 16, 2026

جنرل ساحر شمشاد مرزا کا دفاعی تعاون بڑھانے کے لیے استنبول کا دورہ

جنرل ساحر شمشاد مرزا کا دفاعی تعاون بڑھانے کے لیے استنبول کا دورہ

اسلام آباد / استنبول: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، جنرل ساحر شمشاد مرزا نے استنبول میں منعقد ہونے والی 17ویں بین الاقوامی دفاعی صنعت نمائش (IDF) میں شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس موقع پر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ترکی کے وزیر دفاع جنرل (ر) یاسر گلر، آذربائیجان کے وزیر دفاع کرنل جنرل حسنوف زاکر اسگر اوغلو، آذربائیجان کے نائب وزیر دفاع مسٹر قربانوف آگیل سلیم اوغلو، اور ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل متین گورک سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوں کے دوران دونوں جانب سے دو طرفہ عسکری تعلقات کو فروغ دینے اور دفاع و سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

شرکاء نے جیو اسٹریٹجک صورتحال اور تکنیکی پیش رفت کے تناظر میں اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے اور دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت، عملی صلاحیت اور قربانیوں کو سراہا گیا اور علاقائی و عالمی امن و استحکام میں ان کے کردار کو تسلیم کیا گیا۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق آئی ڈی ایف ایک عالمی سطح پر دفاعی شعبے کی جدید ترین ایجادات اور ترقیات کو متعارف کروانے والا اہم پلیٹ فارم ہے۔

ٹیگز: