اسلام آباد: آج رات آسمان پر ایک غیر معمولی فلکی منظر پیش آ رہا ہے، جب چاند، زحل اور نیپچون ایک خاص ترتیب میں آ کر ایک ’’مسکراتا چہرہ‘‘ تشکیل دیں گے۔ فلکیاتی ماہرین کے مطابق، اس واقعے کو ’’ٹرپل کنجنکشن‘‘ کہا جاتا ہے، یعنی جب زمین سے دیکھنے پر یہ تین فلکی اجسام ایک ہی نقطے پر جمع ہو جاتے ہیں، حالانکہ حقیقت میں ان کے درمیان لاکھوں کلومیٹر کا فاصلہ ہوتا ہے۔
یہ منظر دنیا بھر میں دیکھا جا سکے گا۔ سورج غروب ہونے کے تقریباً 30 سے 90 منٹ بعد چاند اور زحل کو باآسانی دیکھا جا سکتا ہے، لیکن نیپچون کو دیکھنے کے لیے دوربین یا چھوٹی ٹیلی اسکوپ کی ضرورت پڑے گی کیونکہ یہ سیارہ نسبتاً مدھم روشنی کے ساتھ دکھائی دیتا ہے۔
ماہرین کے مطابق، اس نوعیت کے فلکیاتی مظاہر انسان کو کائنات کی بے پناہ وسعت اور قدرتی خوبصورتی کا احساس دلاتے ہیں، اور یہ ایک یاد دہانی بھی ہے کہ ہم کتنے خوش قسمت ہیں کہ اپنی زمین سے ایسی حیرت انگیز تصاویر دیکھ سکتے ہیں۔ اگر آسمان صاف ہو تو چند لمحوں کے لیے آسمان کی طرف ضرور دیکھیں، کیونکہ آج رات کائنات کی مسکراہٹ آپ کے سامنے ہو گی۔