کراچی : سندھ ہائیکورٹ میں سانحہ گل پلازہ جوڈیشل کمیشن کی تیسری سماعت کے دوران اہم قانونی و سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان نے کیس میں فریق بننے کی درخواست دے دی ہے۔
ایم کیو ایم کے سینیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار جوڈیشل کمیشن کے روبرو پیش ہوئے اور کیس کا حصہ بننے کی استدعا کی۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے پاس سانحے سے متعلق ایسے اہم دستاویزات اور شواہد موجود ہیں جو اصل حقائق تک پہنچنے میں کمیشن کی مدد کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شواہد کو ہر صورت ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے گا۔
آج کی سماعت کے لیے جوڈیشل کمیشن نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے درج ذیل افراد کو طلب کر رکھا ہے،ڈائریکٹر سول ڈیفنس کو تکنیکی رپورٹ کے ہمراہ طلب کیا گیا، صدر کراچی چیمبر آف کامرس کو بھی بیان کے لیے بلایا گیا۔ سانحہ میں بچ جانے والے 6 اہم عینی شاہدین کو بھی طلب کیا گیا ہے تاکہ وہ جائے وقوعہ کے حالات بیان کر سکیں۔
قانونی ماہرین کا خیال ہے کہ فاروق ستار کی جانب سے شواہد کی پیشکش اور عینی شاہدین کے بیانات سے کیس کی سمت واضح ہو جائے گی اور ذمہ داران کے تعین میں مدد ملے گی۔