بنکاک : بنکاک میں منعقدہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اجلاس میں پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے ڈائریکٹرز کی تینوں نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت محسن نقوی نے کی، جہاں اے سی سی ڈائریکٹرز کے انتخاب کے لیے پاکستان اور بھارت کے حمایت یافتہ پینلز کے درمیان مقابلہ ہوا۔ ووٹنگ کے مرحلے میں پاکستانی پینل نے تمام تین نشستیں اپنے نام کرلیں۔
اجلاس میں بھارتی کرکٹ بورڈ کی نمائندگی راجیو شکلا نے کی۔ اس موقع پر اگلے سال بنگلا دیش میں ہونے والے ایشیا کپ کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے میچز سلہٹ، میرپور اور چٹوگرام میں کرانے کی تجویز زیرِ غور آئی ہے۔ ٹورنامنٹ کے وینیوز اور دیگر انتظامی امور پر بھی ارکان نے تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس کے دوران اے سی سی کے بجٹ کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ دبئی میں ہونے والے ویمنز ایشیا کپ کی تیاریوں اور انتظامی معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
اے سی سی اجلاس میں ہونے والی پیش رفت کو پاکستان کے لیے انتظامی سطح پر ایک اہم کامیابی قرار دیا جارہا ہے، جبکہ ایشیا کپ کے حوالے سے مزید فیصلے آئندہ اجلاسوں میں متوقع ہیں۔