Wed, September 16, 2026

سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کو عدالت سے ریلیف

سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کو عدالت سے ریلیف

لاہور: معروف یوٹیوبر سعد الرحمان، جو ڈکی بھائی کے نام سے جانے جاتے ہیں، کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (PNIL) سے خارج کر دیا گیا ہے۔

یہ پیش رفت لاہور کی مقامی عدالت میں زیر سماعت کیس کے دوران سامنے آئی، جہاں عدالت میں ان کے نام کے اخراج سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

سماعت کے موقع پر سعد الرحمان سمیت دیگر نامزد ملزمان عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کروائی۔ ان کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کی جانب سے مبینہ طور پر آن لائن جوا ایپلیکیشنز کی تشہیر کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

دوران سماعت این سی سی آئی اے نے اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کی، جس میں بتایا گیا کہ ڈکی بھائی کا نام پی این آئی ایل فہرست سے ہٹا دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ابتدائی مرحلے پر تفتیش میں عدم تعاون کے باعث ان کا نام اس لسٹ میں شامل کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں ضمانت ملنے کے بعد وہ تفتیش کا حصہ بن گئے۔

تفتیشی حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سعد الرحمان کے نام کے اخراج پر اب کوئی اعتراض باقی نہیں رہا اور اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو باضابطہ طور پر خط بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ڈکی بھائی کے خلاف آن لائن جوا ایپس کی مبینہ تشہیر کے الزام میں مقدمہ زیر سماعت ہے، تاہم تازہ پیش رفت میں انہیں انتظامی سطح پر اہم ریلیف حاصل ہوا ہے۔
 
 
 

ٹیگز: