Wed, September 16, 2026

ٹک ٹاک کا نیا اے آئی فیچر “میم ری مکسر” زیر آزمائش، کمنٹس کا انداز بدلنے کی تیاری

ٹک ٹاک کا نیا اے آئی فیچر “میم ری مکسر” زیر آزمائش، کمنٹس کا انداز بدلنے کی تیاری

کیلیفورنیا: ٹک ٹاک کی جانب سے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ایک نیا فیچر تجرباتی طور پر آزمایا جا رہا ہے جو ایپ میں کمنٹس اور صارفین کے تعامل کے طریقے کو مکمل طور پر تبدیل کر سکتا ہے۔

کمپنی ایک ایسے اے آئی ٹول پر کام کر رہی ہے جسے “میم ری مکسر” کا نام دیا گیا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین کی ویڈیوز کو اے آئی کی مدد سے نئے انداز میں تبدیل (ری مکس) کیا جا سکے گا۔ ٹک ٹاک نے اس فیچر کی آزمائش کی تصدیق کر دی ہے۔

اس فیچر کے تحت ایک نئی سیٹنگ متعارف کرائی جائے گی جس کے بعد دیگر صارفین کو آپ کی ویڈیوز کو اے آئی کے ذریعے ری مکس کرنے کی خودکار اجازت مل جائے گی، تاہم یہ آپشن بند کرنے کی سہولت بھی موجود ہوگی۔

“میم ری مکسر” کی مدد سے صارفین کسی بھی ٹک ٹاک ویڈیو سے اے آئی کے ذریعے نئی تصاویر تخلیق کر سکیں گے، جن میں چہرہ، آواز اور بیک گراؤنڈ کو تبدیل کیا جا سکے گا۔

مثال کے طور پر اگر کوئی صارف ریسٹورنٹ میں موجودگی کی ویڈیو اپ لوڈ کرتا ہے تو دوسرے افراد اسی ویڈیو کو تبدیل کر کے ایسی اے آئی تصویر بنا سکیں گے جس میں وہ شخص کسی ساحل یا کسی مختلف جگہ پر دکھائی دے گا۔ یہ تیار کردہ تصاویر اصل ویڈیو کے کمنٹس سیکشن میں شیئر کی جا سکیں گی۔

کمپنی کے مطابق اس فیچر کا مقصد کمنٹس کو زیادہ تخلیقی، انٹرایکٹو اور دلچسپ بنانا ہے۔

واضح رہے کہ ٹک ٹاک حالیہ مہینوں میں کئی اے آئی فیچرز متعارف کرا چکی ہے، جن میں “ٹاکو” نامی اے آئی اسسٹنٹ بھی شامل ہے۔

تاہم کمپنی نے واضح کیا ہے کہ “میم ری مکسر” ابھی آزمائشی مرحلے میں ہے اور فی الحال تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں۔ اس کے مکمل اجرا کی تاریخ بھی تاحال سامنے نہیں آئی۔

مزید یہ کہ جب یہ فیچر عام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا تو یہ پہلے سے فعال (ڈیفالٹ آن) ہوگا، جسے صارف بند کر سکیں گے، مگر ہر ویڈیو کے لیے الگ الگ اسے غیر فعال کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ مکمل طور پر مستقل بند کرنے کا آپشن ممکن نہیں ہوگا۔
 
 
 

ٹیگز: