Wed, September 16, 2026

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی عالمی بینک اور دیگر اداروں سے اہم ملاقاتیں

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی عالمی بینک اور دیگر اداروں سے اہم ملاقاتیں

واشنگٹن : وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کے لیے 10 سالہ شراکت داری منصوبے (کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک) کی منظوری پر شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات واشنگٹن میں عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس کے دوران عالمی بینک کے جنوبی ایشیا کے نائب صدر مارٹن رائزر سے ملاقات میں کہی۔

محمد اورنگزیب نے عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کی معیشت، ڈیجیٹل نظام اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ان منصوبوں پر جلد عملدرآمد کیا جائے اور جن شعبوں میں کام مکمل ہو چکا ہے، ان پر تیزی سے فیصلے کیے جائیں۔

ملاقات میں نجی شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے مؤثر اور تیز تر نظام کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر محمد اورنگزیب نے ڈوئچے بینک کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال اور مالیاتی پالیسیوں سے آگاہ کیا۔

علاوہ ازیں، انہوں نے موڈیز (Moody's) کی کمرشل ٹیم سے بھی ملاقات کی اور پاکستان کی معیشت سے متعلق مثبت اشاریے پیش کیے، جیسے کہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس، مہنگائی میں کمی، روپے کی قدر میں استحکام اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری۔ انہوں نے پانڈا بانڈ کے اجرا سے متعلق ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا اور مستقبل میں موڈیز کے ساتھ مزید تعاون پر گفتگو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ٹیگز: