Wed, September 16, 2026

پی ایس ایل 10 : ملتان سلطانز کی دھواں دار کارکردگی، لاہور قلندرز کو 33 رنز سے شکست

پی ایس ایل 10 : ملتان سلطانز کی دھواں دار کارکردگی، لاہور قلندرز کو 33 رنز سے شکست

ملتان : پی ایس ایل 10 کے بارہویں میچ میں ملتان سلطانز نے آخرکار اپنی پہلی کامیابی سمیٹ لی، جب انہوں نے لاہور قلندرز کو 33 رنز سے شکست دے دی۔

میچ ملتان میں کھیلا گیا جہاں کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو کہ بہت ہی کامیاب ثابت ہوا۔ سلطانز نے 20 اوورز میں 228 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ سب سے شاندار اننگز یاسر خان کی رہی جنہوں نے صرف 44 گیندوں پر 87 رنز بنا ڈالے، اور اس دوران 6 چھکے اور 6 چوکے بھی لگائے۔

افتخار احمد نے آخر میں آ کر 18 گیندوں پر 40 رنز کی برق رفتاری سے اننگز کھیلی، جبکہ عثمان خان نے 39 اور رضوان نے 32 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی بولنگ میں رشاد حسین نے 2 وکٹیں لیں، جبکہ شاہین آفریدی، آصف آفریدی اور سکندر رضا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں لاہور کی ٹیم نے ہدف کا تعاقب تو خوب کیا، مگر آخر تک پہنچ نہ سکی۔ سکندر رضا نے 50، سیم بلنگز نے 43 اور فخر زمان نے 32 رنز بنائے، لیکن یہ اسکور 229 کے بڑے ہدف کو چھونے کے لیے ناکافی رہا۔ لاہور نے 20 اوورز میں 195 رنز بنائے اور میچ 33 رنز سے ہار گئی۔ ملتان کی جانب سے عبید شاہ نے 3، جبکہ اسامہ میر اور بریس ویل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ٹیگز: