Wed, September 16, 2026

وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکہ روانہ

وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکہ روانہ

نیویارک : وزیراعظم شہباز شریف نے چار روزہ برطانیہ کے دورے کے بعد لندن سے امریکہ کا سفر شروع کر دیا ہے۔ وہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے 80 ویں جنرل اسمبلی اجلاس میں حصہ لیں گے اور وہاں اہم عالمی موضوعات پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔

برطانیہ میں وزیراعظم نے اورسیز کنونشن میں شرکت کی، میڈیکل چیک اپ کروایا اور مختلف سرکاری و نجی ملاقاتیں کیں۔ امریکہ میں وہ مسلم رہنماؤں کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات بھی کریں گے۔

اجلاس کے بعد وزیراعظم دوبارہ لندن جائیں گے اور نیویارک سے واپسی پر اپنے بھائی نواز شریف سے ملاقات کا امکان ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم اپنے خطاب میں کشمیریوں کی صورتحال اور فلسطین میں خاص طور پر غزہ کے انسانی بحران پر عالمی توجہ مبذول کرائیں گے۔ وہ علاقائی سلامتی، ماحولیاتی تبدیلی، دہشت گردی، اسلاموفوبیا اور پائیدار ترقی جیسے مسائل پر بھی پاکستان کی آواز بلند کریں گے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی نیویارک پہنچ چکے ہیں جہاں وہ وزیراعظم کے ہمراہ متعدد اجلاسوں اور ملاقاتوں میں حصہ لیں گے۔

ٹیگز: