Wed, September 16, 2026

اوپن اے آئی نے نیا ویب براؤزر 'چیٹ جی پی ٹی اٹلس' متعارف کروا دیا

اوپن اے آئی نے نیا ویب براؤزر 'چیٹ جی پی ٹی اٹلس' متعارف کروا دیا

کیلیفورنیا: معروف آرٹیفیشل انٹیلی جنس کمپنی اوپن اے آئی نے اپنے مشہور چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی پر مبنی ایک نیا ویب براؤزر "چیٹ جی پی ٹی اٹلس" متعارف کروا دیا ہے۔

ٹیکنالوجی کی ویب سائٹس کے مطابق، یہ براؤزر صارفین کو ویب پر براؤز کرتے وقت چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے مختلف کاموں میں معاونت فراہم کرتا ہے۔

اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ اٹلس محض ایک براؤزر نہیں، بلکہ ایک ذہین معاون ہے، جو ویب پر صارفین کا تجربہ مزید قدرتی اور آسان بنائے گا۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ انٹرنیٹ صرف معلومات حاصل کرنے کا ذریعہ نہ رہے بلکہ ایک بات چیت اور سمجھنے کا بھی ذریعہ بنے۔

صارفین اب روایتی سرچ بار یا ویب لنکس پر کلک کرنے کے بجائے براہِ راست چیٹ جی پی ٹی سے درخواست کر سکتے ہیں کہ وہ کسی ویب پیج کا خلاصہ فراہم کرے، مصنوعات کا موازنہ کرے، ایئر لائن کی ٹکٹ بک کرے یا کسی مضمون کے اہم نکات بیان کرے۔

ویب پیجز پر "آسک چیٹ جی پی ٹی" (Ask ChatGPT) بٹن بھی موجود ہے، جس پر کلک کر کے صارف صفحے کے مواد کے بارے میں گفتگو شروع کر سکتا ہے۔

اس براؤزر کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہ صارف کی پچھلی بات چیت کو یاد رکھتا ہے تاکہ مستقبل میں زیادہ ذاتی نوعیت کی تجاویز فراہم کی جا سکیں۔ صارف کو مکمل اختیار حاصل ہوتا ہے کہ وہ چاہے تو اپنا ڈیٹا محفوظ کرے یا حذف کرے۔

یہ جدید براؤزر چیٹ جی پی ٹی کو خودکار طور پر خریداری کرنے، فلائٹس کی بکنگ کرنے اور ملاقاتوں کا شیڈول ترتیب دینے کی سہولت بھی دیتا ہے، جو فی الحال چیٹ جی پی ٹی پلس اور پرو صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

ویب صفحات پر چیٹ جی پی ٹی کا سائیڈبار بھی موجود ہے، جو ویب پیج کا خلاصہ پیش کرتا ہے اور مواد کی وضاحت میں مدد فراہم کرتا ہے۔

اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی اٹلس روایتی براؤزرز جیسے گوگل کروم کے لیے ایک چیلنج ثابت ہو گا، کیونکہ چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے ویب براؤزنگ کا تجربہ گوگل کے سرچ انجن سے مکمل طور پر مختلف ہو گا۔

فی الحال یہ ویب براؤزر میک او ایس پر دستیاب ہے اور جلد ہی ونڈوز، آئی او ایس اور اینڈرائیڈ پر بھی متعارف کرایا جائے گا۔
 
 

ٹیگز: