Wed, September 16, 2026

اوپن اے آئی کا جدید ویب براؤزر جلد متوقع

اوپن اے آئی کا جدید ویب براؤزر جلد متوقع

کیلیفورنیا:اوپن اے آئی، جس نے مشہور چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی بنایا، اب گوگل کے کاروباری میدان میں قدم رکھنے کی تیاری کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق کمپنی آئندہ چند ہفتوں میں اپنا نیا ویب براؤزر متعارف کرائے گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ براؤزر جدید اے آئی فیچرز سے لیس ہوگا جو صارفین کے کئی کام خودکار طریقے سے انجام دے سکے گا۔ اس براؤزر کے ذریعے صارفین کے ویب براؤزنگ ڈیٹا تک براہ راست رسائی ممکن ہوگی، جس سے اوپن اے آئی اپنی خدمات کو صارفین کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کا حصہ بنانا چاہتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ براؤزر گوگل کے اوپن سورس کرومیم پلیٹ فارم پر تیار کیا جائے گا، جو گوگل کروم، مائیکروسافٹ ایج اور اوپیرا جیسے براؤزرز کی بنیاد ہے۔ صارف انٹرفیس گوگل کے اے آئی اوور ویو کی طرح ہوگا تاکہ صارفین کو اے آئی چیٹ بوٹ کا بہتر تجربہ حاصل ہو۔

اوپن اے آئی نے مئی 2024 میں اپنا اے آئی سرچ انجن متعارف کرایا تھا جو نومبر 2024 میں صارفین کے لیے جاری کیا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ چیٹ جی پی ٹی کے 50 کروڑ سے زائد صارفین ہیں، لیکن گوگل کروم کے 3 ارب صارفین کے مقابلے میں اس کا مقابلہ کرنا آسان نہیں ہوگا۔

اوپن اے آئی کے اس نئے براؤزر کے متعارف کرانے سے گوگل کروم کو سخت چیلنج کا سامنا ہو سکتا ہے، لیکن اس کا اثر مارکیٹ پر کب اور کیسے ہوگا، ابھی کہنا مشکل ہے۔

ٹیگز: