راولپنڈی : راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے 26 نومبر کے احتجاج کیس میں علیمہ خان کے چوتھے بار ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ علیمہ خان کو گرفتار کر کے 24 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
عدالت نے علیمہ خان کی ایک لاکھ روپے کی ضمانت ضبط کرنے کا حکم بھی دیا ہے، اور اس بار سٹی پولیس آفیسر کو وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں، علیمہ خان کے ضامن، محمد شریف، کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔
علیمہ خان کے روپوش ہونے سے متعلق پولیس کی رپورٹ پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ پولیس کی رپورٹ جھوٹی ہے اور اس پر سوال اٹھایا کہ اگر علیمہ خان روپوش ہیں تو ان کی میڈیا ٹاک کس طرح نشر ہو رہی ہے؟ عدالت نے اس معاملے پر ایس پی راول، محمد سعد، اور ڈی ایس پی وارث خان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا اور دونوں افسران کو 24 اکتوبر کو ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔
مزید برآں، عدالت نے چار گاڑیوں کے 85 لاکھ روپے کے شورٹی بانڈز ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ مقدمے کی مزید سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔