اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے ڈیجیٹل وژن کے تحت ورکرز ویلفیئر فنڈ کے نظام میں ایک انقلابی تبدیلی لائی گئی ہے۔ نادرا اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کے درمیان جمعرات کے روز ایک ایسے تاریخی معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں جو محنت کشوں کو ملنے والی فلاحی سہولیات کا طریقہ کار ہمیشہ کے لیے بدل دے گا۔
اس نئے اشتراک کے تحت نادرا کی جانب سے ورکرز ویلفیئر فنڈ کو ایک جدید ترین ریل ٹائم ویریفکیشن سسٹم (فوری تصدیقی نظام) فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اب میرج گرانٹ، ڈیتھ گرانٹ اور تعلیمی وظائف کے لیے آنے والی تمام درخواستوں اور ان کے خاندانوں کی تصدیق کا عمل بغیر کسی انسانی مداخلت کے فوری اور شفاف طریقے سے مکمل کیا جا سکے گا، جس سے ماضی میں ہونے والی طویل تاخیر کا جڑ سے خاتمہ ہو جائے گا۔
اسلام آباد میں ہونے والی اس تقریب کے دوران سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد اور نادرا کے چیف پروجیکٹ آفیسر رحمان قمر نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس منصوبے کے باقاعدہ آغاز سے ملک بھر کے 19 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ محنت کشوں اور ان کے پسماندگان کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ نے واضح کیا کہ اس اقدام کا اصل مقصد وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے وژن کے مطابق سوشل پروٹیکشن کے نظام کو شفاف اور تیز بنانا ہے تاکہ حق دار محنت کشوں کو ان کا حق بغیر کسی رکاوٹ کے مل سکے۔ نادرا کے چیف پروجیکٹ آفیسر رحمان قمر نے ورکرز ویلفیئر فنڈ کی اس ڈیجیٹل کاوش کو سراہتے ہوئے اسے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کی جانب ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر دونوں حکام نے روایتی شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا۔