تہران :ایرانی خبر رساں ایجنسی کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق، امریکہ کے ساتھ معاہدے کے لیے واشنگٹن کی جانب سے موصول ہونے والی نئی تجاویز نے دونوں ممالک کے مابین شدید اختلافات کو کسی حد تک کم کر دیا ہے۔ تاہم، ایران نے واضح کیا ہے کہ ماحول کو سازگار بنانے اور اختلافات کو مزید کم کرنے کے لیے واشنگٹن کو جنگ کی دھمکیاں فوری طور پر بند کرنا ہوں گی۔
اسی سلسلے میں ایران نے باضابطہ طور پر امریکہ سے جنگ بندی، اپنے منجمد اثاثوں کی فوری واپسی اور بحری تحفظ کو یقینی بنانے کے مطالبات سامنے رکھ دیے ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے موجودہ سفارتی عمل کی توثیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران اس وقت مکمل سنجیدگی اور نیک نیتی کے ساتھ ٹھوس اور منطقی مذاکرات کا راستہ اپنا رہا ہے، اور اب گیند امریکہ کے کورٹ میں ہے کہ وہ خطے میں امن کے لیے کتنا سنجیدہ ہے۔