لاہور:پاکستان ریلوے نے عیدالفطر کے لیے 5سپیشل ٹرینوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کا مقصد عوام کو عید کے دنوں میں زیادہ سہولت فراہم کرنا اور ان کے سفر کو آسان بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، پہلی سپیشل ٹرین 26 مارچ کو کراچی کینٹ سے ملتان، ساہیوال اور لاہور کے راستے روانہ ہوگی۔ دوسری سپیشل ٹرین 26 مارچ کو کوئٹہ سے پشاور روانہ ہوگی، جب کہ تیسری سپیشل ٹرین 27 مارچ کو لاہور سے ملتان اور کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔ چوتھی سپیشل ٹرین 27 مارچ کو کراچی سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی اور پانچویں سپیشل ٹرین 28 مارچ کو کراچی کینٹ سے ملتان، فیصل آباد اور لاہور روانہ ہوگی۔
تمام ٹرینیں اکانومی، اے سی بزنس اور اے سی اسٹینڈرڈ کلاسز پر مشتمل ہوں گی، تاہم عید اسپیشل ٹرینوں پر کرایوں میں کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ عید کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ تمام ٹرینیں بروقت اور آرام دہ ہوں۔
یاد رہے کہ عید کے بعد ریلوے حکام نے کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے، تاہم یہ کمی عید اسپیشل ٹرینوں پر لاگو نہیں ہوگی۔